حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تقریب کی صدارت صدر انجمن امامیہ و نائب امام جمعہ آغا سید باقر حسین الحسینی نے کی، جبکہ ناظمِ اعلیٰ مدینہ اہلِ بیت شیخ محمد علی مظفری اور ڈی آئی ایس سکردو حاجی ابوالحسن مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔

تقریب کا آغاز حفاظِ کرام کی اجتماعی تلاوتِ قرآن کریم سے ہوا۔
ننھے حفاظ نے اپنی مترنم آوازوں میں آیاتِ قرآنی کی تلاوت کرکے محفل کو روحانی نورانیت سے منور کیا؛ جس بعد حافظ مجتبیٰ حسن نے بارگاہِ رسالت مآب صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔

مدرسے کے پرنسپل شیخ محمد الیاس قمی نے خطبۂ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے ادارے کے علمی و تربیتی سفر، تعلیمی اہداف اور طلبہ کی سالانہ کارکردگی کا جائزہ پیش کیا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قرآن کریم کی تعلیم و تربیت کے ساتھ عصری علوم سے آراستہ نسلِ نو کی تیاری کا مشن پوری لگن اور محنت کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔

اس موقع پر طلبہ نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شان میں خوبصورت گروہی تواشیح پیش کی، جس سے محفل کی روحانی فضا مزید دل نشیں ہوگئی۔
والدین کی نمائندگی کرتے ہوئے طالب علم حافظ کاچو علی کرار کے والد کاچو محمد علی خان نے اظہارِ خیال کیا اور ادارے کی تعلیمی و تربیتی خدمات، اساتذہ کی محنت اور بچوں کی بہترین تربیت کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔

مہمانانِ خصوصی ڈی آئی ایس حاجی ابوالحسن اور شیخ محمد علی مظفری نے اپنے خطابات میں تعلیم و تربیت کی اہمیت، فروغِ قرآن اور طلبہ کی علمی و اخلاقی نشوونما کے حوالے سے قیمتی رہنمائی فراہم کی۔
صدرِ محفل آغا سید باقر حسین الحسینی نے اپنے صدارتی خطاب میں قرآن کریم سے مضبوط تعلق استوار کرنے، حصولِ علم میں استقامت اور کردار سازی کی اہمیت پر زور دیا۔
صدرِ محفل اور مہمانانِ خصوصی نے حفاظِ کرام کی صلاحیتوں اور نمایاں کارکردگیوں کو سراہتے ہوئے مدرسے کے بانی و شیخ الجامعہ محسنِ ملتؒ کی گراں قدر علمی و دینی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا کہ محسنِ ملتؒ کا لگایا ہوا قرآنی و علمی پودا فرزندانِ محسنِ ملت شیخ محمد اسحاق نجفی اور شیخ انور علی نجفی کی سرپرستی میں کامیابی کے نئے سنگِ میل عبور کرتے ہوئے مسلسل آگے بڑھ رہا ہے۔
تقریب کے اختتام پر نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات و اعزازات تقسیم کیے گئے۔
اس موقع پر کامیاب طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کی شب و روز کی محنت، اساتذہ کی مخلصانہ کاوشوں اور والدین کی دعاؤں کو ان کی کامیابی کا اہم ذریعہ قرار دیا گیا۔










آپ کا تبصرہ